الیکشن کمیشن کے دھاندلی کیخلاف ایکشن لینے کے منتظر ہیں:بلاول بھٹو

Published On 19 December,2021 04:25 pm

کراچی:(دنیا نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کے منتظر ہیں کہ وہ دھاندلی کے خلاف ایکشن لے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی لوکل باڈیز الیکشن میں دھاندلی کی کوششوں میں اتھاہ گہرائیوں میں دفن ہوچکی ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی کے امیدوار کو پولنگ سے ایک دن قبل قتل کردیا گیا، مقتول کے ورثاء نے پی ٹی آئی وزیر پر الزام لگایا کہ رشوت دینے کی کوششوں کے بعد یہ قتل ہوا جبکہ پشاور میں پولنگ سے قبل پی ٹی آئی کے افراد بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورا دن پی ٹی آئی کی جانب سے پولنگ سٹیشنز میں توڑپھوڑ کی خبریں آتی رہیں اورخواتین سمیت پولنگ کے عملے پر حملوں کی خبریں آتی رہیں، پی ٹی آئی کی یہ حرکتیں ایک غیرمقبول حکومت کی غماز ہیں، ہم الیکشن کمیشن کے منتظر ہیں کہ وہ دھاندلی کے خلاف ایکشن لے۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنائے، ہم خیبرپختونخوا کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی چالبازیوں سے رکنے کی ضرورت نہیں، عوام بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور اپنے ووٹ سے پی ٹی آئی کو شکست دیں، جیالے انتخابی خلاف ورزیوں کو پارٹی الیکشن سیل یا الیکشن کمیشن میں رپورٹ کریں۔
 

Advertisement