ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنی حیثیت کا پتہ چل گیا، وزیراعظم کو گھر بھجوانے کی باتیں کرنے والےاپنے گھر کی فکر کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بہت شور مچا رہے تھے، انہیں اپنی اور جے یو آئی کی حیثیت کا پتہ چل گیا، وزیراعظم عمران خان کو گھر بھجوانے کی باتیں کرنے والے پہلے اپنے گھر کی فکر کریں، ڈی آئی خان میئر کے الیکشن میں جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کے لوگ جعلی ووٹ ڈالتے پکڑے گئے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گھر سنبھل نہیں رہا اور مولانا حکومت گرانے نکلے ہیں، پہلے جنرل الیکشن اور اب مقامی حکومت الیکشن میں تحریک انصاف کے ہاتھوں گھر کے حلقے میں شکست ہوئی۔
قبل ازیں اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان میں مقابلے کی سکت نہیں، جے یو آئی سربراہ خود تحریک انصاف سے ہار چکے ہیں، پاکستان میں غریب آدمی انصاف کے لئے رل جاتا ہے، ملکی خزانہ لوٹنے والے باہر بھاگ جاتے ہیں۔