اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ عدم اعتماد پر اپوزیشن منہ کی کھائے گی۔ یہ کیسی اپوزیشن ہے جس کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر غائب ہو جاتا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفزنس کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے جنون کی حد تک کام کیا، ریلوے کے تمام ڈبے اور اسٹیشن پر برینڈنگ کریں گے، اشتہارات لگانے سے اربوں روپے کی آمدن ہوگی۔ جو 50 سال سے ریلوے خسارے میں تھی اسے منافع بخش بنائیں گے، آئندہ حکومت بھی تحریک انصاف بنائے گی، شانگلہ اور بٹ گرام میں لوگ عمران خان کو آئندہ الیکشن میں ووٹ دیں گے، نجی شعبے کو ریلوے کے ساتھ بزنس پارٹنر بنا رہے ہیں، ریلوے میں کرپشن کا خاتمہ کر رہے ہیں۔
اعظم سواتی کا کہنا تھاکہ پاکستان میں سب سے زیادہ کام کسی ادارے میں ہوا تو وہ ریلوے ہے، پوری ریلوے کی ٹیم کے جذبے شاندار ہیں، ریلوے کی ہر کوچ کو اشتہار لگانے کی جگہ دیں گے، ریلوے اسٹیشن کو بھی اشتہار کی جگہ دیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بھی ریلوے کا سکریپ چوری ہو رہا ہے، ریلوے کے سکرپٹ سے جان چھڑانا پڑے گی ، لاہور میں مصری شاہ کے کباڑ بازار میں ریلوے کا سکریپ بھرا پڑا ہے، ریلوے کی پولیس کو خودمختار بنایا ہے، اپوزیشن وسائل کی چوری اور ڈکیتی میں ملوث رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن کی چوری کو روکا ہوا،اپوزیشن کو ہر بل میں تحریک انصاف نے شکست دی، عمران خان عدم اعتماد کے تیار ہیں، عمران خان ہر دھرنے کے لیے تیار ہے۔
اعظم سواتی نے دعویٰ کیا کہ عدم اعتماد پر اپوزیشن منہ کی کھائے گی۔ بلاول بھٹو نہیں ہے، ندیم افضل چن کی پارلیمنٹ میں کوئی حیثیت نہیں، یہ کیسی اپوزیشن ہے جس کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر غائب ہو جاتا ہے۔