اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ جی ڈی اے نے اصولوں کے مطابق اپنا فیصلہ کیا، ہمارا حکومت سے اتحاد اصولوں کی بنیاد پر ہے، اگر آج سسٹم کو ڈی ریل کیا گیا تو آنے والی کوئی حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکے گی، لوٹا کریسی کو نہ روکا تو پھر ملک انارکی کی طرف جائے گا، انارکی کا فائدہ پاکستان کے دشمنوں کو ہوگا۔
اسلام آباد میں ’امربالمروف‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ یہ ان کا کس قسم کا ضمیر ہے جو ان کی مرضی سے جاگتا ہے، ضمیر توبہت بدنام ہوگیا ہم اپنے اصولوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستانیو! اصول پر کھڑے ہونا آسان نہیں مشکل راستہ ہے، ہم ایوان میں حلف اٹھا کر آتے ہیں، اگر اچانک سے ضمیر بھائی جاگ اٹھے تو پاکستان، جمہوریت کا مستقبل کیا ہوگا، ہم نے پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا ہے، ملک میں لوٹا کریسی بند ہونی چاہیے، بی بی، میاں صاحب کی حکومت لوٹا کریسی کی وجہ سے جاتے دیکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں 14سال سے ایک پارٹی کی حکمرانی ہے، سندھ کے لوگوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے، خدارا سندھ کو نظرانداز نہ کیا جائے، سندھ کے بہت برے حالات ہیں، سندھ کے حکمران سلیکٹڈ ہیں، نوجوان نسل کو نشے میں ڈالا جارہا ہے، اگرپنجاب، خیبر پختونخوا کے لوگوں کو صحت کارڈ مل سکتا ہے تو سندھ کے لوگوں کو کیوں نہیں؟ سندھ حکومت عوام کو صحت کارڈ دے، سندھ حکومت چودہ سالوں میں صاف پانی نہیں دے سکی، لگتا ہے تمام ادارے سندھ کو نظرانداز کر چکے ہیں، سندھ میں بار بار سلیکٹڈ حکومت لائی جاتی ہے۔