نیو یارک: (دنیا نیوز) ملک میں آنے والے بدترین سیلاب کے بعد امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے جانے والے وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ہمراہ تھے۔
اس ملاقات کے دوران انتھونی بلنکن نے پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا، مدد کی ضرورت ہے: امریکی صدر
اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جوزف بائیڈن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سیلاب کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، پاکستان کا زیادہ تر حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے، اسلام آباد کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے، پاکستان کو مدد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرت کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہو گا۔ موسمیاتی تبدیلیاں عالمی دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، عالمی برادری کو ملکر کام کرنا ہوگا۔