مریم نواز عمرہ ادائیگی کے لیے آج سعودی عرب روانہ ہوں گی

Published On 10 April,2023 08:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب آج روانہ ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز آج دوپہر 2 بجے سعودی عرب روانہ ہوں گی، وہ آخری عشرہ سعودی عرب میں گزاریں گی۔

قائد مسلم لیگ ن نوازشریف بھی آخری عشرہ سعودی عرب میں گزاریں گے، وہ 11 اپریل کو لندن سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے ایک ویڈیو شیئر کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قوت گویائی سے محروم بچے مریم نواز سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔

اس ویڈیو کے کیپشن میں مریم نواز نے لکھا کہ برائے مہربانی جب میں عمرہ سے واپس آؤں تو خاص نوجوانوں کو مجھ سے ملنے کے لیے لائیں، انہوں نے مزید لکھا کہ ان سے ملنا میرے لیے اعزاز اور خوشی کی بات ہو گی۔