اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز وادی تیراہ میں آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے دہشتگردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے لیفٹینٹ کرنل محمد حسن اور سپاہیوں خوشدل خان، رفیق خان اور عبدالقادر کو قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وادی تیراہ میں آپریشن، 3 دہشتگرد جہنم واصل، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید
انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں۔
صدر مملکت نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کیا اور ان کے صبر جمیل کی دعا کی، صدر مملکت نے شہدا کی بلند درجات کی دعا کی اور وطن کیلئے خدمات کو سراہا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد جہنم واصل جبکہ لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید ہوئے تھے۔