وادی تیراہ میں آپریشن، 3 دہشتگرد جہنم واصل، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید

Published On 06 November,2023 07:04 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد جہنم واصل جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان وطن عزیز پر قربان ہو گئے۔

شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، عمر 43 سال، رہائشی اسلام آباد، نائیک خوشدل خان، عمر 31 سال، رہائشی ضلع لکی مروت، نائیک رفیق خان، عمر 27 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ چارسدہ اور لانس نائیک عبدالقادر، عمر 33 سال، ضلع مری کا رہائشی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا لیفٹیننٹ کرنل اور 3 جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں دہشت گردی کیخلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔