راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط کرنے، تربیتی تعاون بڑھانے اور دفاعی صنعت میں شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو تسلیم کیا، انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیاکہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے عزم کو دہرایا کہ وہ انڈونیشیا کے ساتھ مضبوط اور دیرپا دفاعی تعلقات قائم رکھے گا، جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور اسٹریٹجک مفادات کے اشتراک پر مبنی ہوں گے۔



