لاہور: (دنیا نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں اور داخلی سلامتی کے تحفظ کے لیے چوکس ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا، انہیں تربیتی معیار اور جنگی صلاحیت بڑھانے سے متعلق اہم اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے فارمیشن کی تربیت اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لیا، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ کیا، جس میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کے استعمال کا عملی مظاہرہ کیا گی،۔ یہ مشق مستقبل کے جنگی ماحول سے ہم آہنگی، جدت اور لچک پر پاک فوج کی بھرپور اور مؤثر توجہ کو اجاگر کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے مستقبل کے میدانِ جنگ سے ہم آہنگی کیلئے جدت اور انوویشن پر زور دیا، فوجی جوانوں کیلئے سپورٹس و تفریحی سہولیات کا معائنہ کیا، انہوں نے جسمانی فٹنس اور مورال کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
.jpg)
آرمی چیف نے سی ایم ایچ لاہور کے ہائی کیئر سنٹر کا دورہ بھی کیا، جدید اور مکمل طبی سہولت پر میڈیکل سٹاف کی کاوشوں کی تعریف کی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج اعلیٰ معیار، نظم وضبط اوربے لوث قومی خدمت کے کلچر کوفروغ دے رہی ہیں، مسلح افواج ملک کی خودمختاری،علاقائی سالمیت اورداخلی استحکام کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہرچیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، مسلح افواج ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ملک کی جغرافیائی سرحدوں اورداخلی سلامتی کیلئے چوکس ہیں۔
قبل ازیں چیف آف ڈیفنس فورسز کی لاہور گیریژن آمد پر کور کمانڈر لاہور نے استقبال کیا۔



