راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیشی ایئر فورس کے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فریقین نے پاک، بنگلادیش مسلح افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعاون، تربیتی تبادلوں اور دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کا اعادہ کیا گیا، فیلڈ مارشل نے بنگلادیش کے ساتھ دیرپا دفاعی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
.jpg)
معزز مہمان ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی خدمات کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی بنگلادیشی ایئر چیف کی ملاقات ہوئی، باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا، دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فریقین نے اعلیٰ سطح کے روابط اور مشترکہ تربیتی مشقوں کی تعداد میں اضافے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔



