ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارت نہ جانےکے معاملے پر بنگلادیش کی میگا ایونٹ میں شرکت پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
وینیو کے حوالے سے آئی سی سی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ویڈیو کانفرنس بے نتیجہ رہی اور بنگلا دیش ایک بار پھر اپنے میچز بھارت سےمنتقل کرنےکے مؤقف پر ڈٹا رہا۔
آئی سی سی کاکہنا ہےکہ ٹورنامنٹ کا شیڈول پہلے ہی طے ہو چکا ہے جس پر بی سی بی کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے ممکنہ حل کی تلاش کےلیے بات چیت جاری رکھنے پراتفاق کیا۔
بی سی بی کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کےمؤقف اور فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں، آئی سی سی نے بی سی بی سے اپنے مؤقف پرنظرثانی کرنے کی درخواست کی ہے، کھلاڑیوں،آفیشلز ،اسٹاف کی حفاظت کےلیےآئی سی سی سے تعمیری رابطے کی کمٹمنٹ پرقائم ہیں۔
واضح رہے کہ ہندو انتہا پسندوں کے دباؤ کے بعد بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل سے ریلیز کرنے کا حکم دیا تھا اور اسی تناظر میں دھمکیوں کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے اور بی سی بی کو تاحال آئی سی سی کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔



