راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کے ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کا دورہ کیا جہاں دوطرفہ فوجی تعاون پر زور دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس دورے کے دوران معزز مہمان نے لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار، صدر این ڈی یو سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ملاقات کی، ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس 2010/11 کے سابق طالب علم ہیں۔
اس موقع پر فریقین نے عسکری تعاون، بالخصوص پیشہ ورانہ عسکری تعلیم اور مشترکہ تربیت کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا اور فوج سے فوج کے روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات اور دفاعی تعاون و تربیت کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
قبل ازیں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیشی ایئر فورس کے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فریقین نے پاک، بنگلہ دیش مسلح افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعاون، تربیتی تبادلوں اور دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی بنگلہ دیش کے ایئر چیف کی ملاقات ہوئی، باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا، دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا، دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔



