اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم عاشور پر پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنے اہل و عیال اور اصحاب کے ساتھ حق کی خاطر جام شہادت نوش کیا، واقعہ کربلا حق و سچ کی سرفرازی و سربلندی کی عظیم ترین داستان ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امام حسینؓ کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، امام حسینؓ نے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی درس دیا ہے ، نواسہ رسول امام حسینؓ نے باطل کے سامنے سر نہ جھکاکر دین اسلام کو زندہ رکھا، یہ دن ہمیں صبر و برداشت اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کی شہادت صدائے انقلاب ہے جو ہر دور میں بلند ہوتی رہے گی، امام حسینؓ کی زندگی پیغام دیتی ہے کہ راہ حق میں آنے والی تمام آزمائشوں کو برداشت کرنا چاہیے، یزیدی قوتیں آج نئے روپ کے ساتھ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ سب کو امام حسین کی درخشاں تعلیمات پر عمل کرکے ان قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے، معرکہ کربلا پیغام دیتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار اور اصولوں کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاک وطن ہم سب سے گروہی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر باطل قوتوں کے خلاف یکجا ہونے کا تقاضا کر رہا ہے، شہدائے کربلاکی عظیم قربانی رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کوحوصلہ اور ولولہ عطاکرتی رہیں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ نواسہ رسولؐ اوران کے جانثاروں نے ثابت کردیا کہ یقین محکم اور مقصد نیک ہوتوراہ حق میں آنے والے مصائب کوئی حیثیت نہیں رکھتے، دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں اسوہ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔