کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے اجتماعی کوششوں، عزم اور محنت کی ضرورت ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کراچی میں 10 روزہ خصوصی پولیو ویکسینیشن مہم کے آغاز کے موقع پر والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ہم نے 1947 میں آزادی حاصل کی لیکن ہم ابھی تک پولیو جیسی معذور کر دینے والی بیماری سے آزاد نہیں ہو سکے جو ہر سال ہمارے درجنوں بچوں کو معذور بنا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پولیو سے مکمل اور مستقل آزادی کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں، عزم اور محنت کی ضرورت ہے، کراچی کی 85 یونین کونسلوں میں ہونے والی اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 11 لاکھ سے زائد بچوں کو بھی پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ہم کراچی کے حساس علاقوں میں بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کے لیے نئے اور درد سے پاک جیٹ انجیکٹرز کا استعمال کر رہے ہیں، جہاں ابھی بھی پولیو وائرس موجود ہے۔