لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ٹیکنالوجی، کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
دوران ملاقات مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ چین ہمارا قابل اعتماد دوست ہے اور ہمیں اس عظیم قوم کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے، مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کیلئے بہت سے فلاحی منصوبوں کی قیادت کر رہی ہیں، جن کے ساتھ ساتھ پنجاب انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کرے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم چین کے ساتھ مل کر معاشی معجزے پیدا کر سکتے ہیں، ہم پنجاب میں اپنے چینی دوستوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔
مریم نواز شریف نے چینی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے مخصوص ’’چائنیز اکنامک زونز‘‘ کے قیام کی تجویز پیش کی اور کہا کہ ہم چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، پاکستان غربت میں کمی کیلئے چینی ماڈل سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کا کہنا تھا کہ چین بھی پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں میں اس دوستی میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ سی پیک کے اپ گریڈڈ وژن میں پنجاب کی شمولیت کا خیرمقدم کریں گے جس میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی بھی شامل ہے، چین پنجاب میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
چینی سفیر نے کسان کارڈ، ٹریکٹر سکیم جیسے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چین کے تعاون سے 5 لاکھ ایکڑ رقبے پر زیادہ پیداوار دینے والی ہائبرڈ ریپسیڈ کاشت کی جا رہی ہے اور اب وہ اس رقبے کو دوگنا کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے 1000 کسانوں کو چینی ماہرین جدید کاشتکاری کی تکنیک کی تربیت دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے زراعت میں مشینوں اور پانی کے موثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان شعبوں میں چینی مہارت سے استفادہ بہت اہمیت کا حامل ہوگا۔
اس موقع پر چینی سفیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لی۔
چینی سفیر نے کہا کہ مریم نواز شریف کو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر چین میں خوش آمدید کہا جائے گا، نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دوران پاک چین تعلقات کی ایک طویل تاریخ رہی، نواز شریف کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات بہت بلندیوں پر گئے اور مریم نواز کے ساتھ مل کر اسے مزید آگے لے جانے کی امید رکھتے ہیں۔
اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی، اس موقع پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔