کراچی:(دنیا نیوز)بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف افسر (پی ایس او) لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی قیادت میں وفد نے دورہ کراچی میں پاک بحریہ کے کمانڈرز سے ملاقات کی۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف افسرلیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل امین اور ایم ڈی کراچی شپ یارڈ ریئر ایڈمرل سلمان الیاس سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے پاک بحریہ کے جہازوں اور یونٹس کا بھی دورہ کیا، ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورت حال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر زور دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں، باہمی دوروں اور تربیتی تبادلہ پروگراموں سمیت مختلف ممکنہ شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
پاک بحریہ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔