جامشورو:(دنیا نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلوں کے خلاف سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
اندرون سندھ کے ضلع جامشورو کی مہران انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ ملک کو موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر چیلنجز درپیش ہیں،سندھ کو 2022 میں بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ گریجویشن کرنے والے طلبہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ، کامیاب ہونے والے طلبہ کیلئے خوشی کا دن ہے ۔
طلبہ ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں، ماحولیاتی تبدیلوں کے خلاف سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ مہران یونیورسٹی ملک کے بہترین اداروں میں شامل ہے، سندھ اسمبلی میں ارکان کی اکثریت مہران یونیورسٹی سے ہے، سندھ کے انجینئرز پر فخر ہے، انفراسٹرکچر کی ترقی میں انجینئرز کا اہم کردار ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی دنیا بھر میں تیزی سے ترقی کررہی ہے، ہمیں فیک نیوز کے چیلنجز کا سامنا ہے، جدید ٹیکنالوجی کو صرف انسانیت کی خدمت کیلئے استعمال کیا جائے۔ ڈیجیٹل ڈس انفارمیشن اور سائبرکرائمز آج کے بڑے مسائل میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ سرزمین کی تاریخ صدیوں پرانی ہے، یہ خوبصورت اور ثقافت کی حامل دھرتی ہے، ہماری تعمیرات بھی ماحولیاتی تبدیلی کےاثرکودیکھتےہوئے ہونی چاہئیں۔