راولپنڈی: (دنیا نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے آرمی آڈیٹوریم میں ملاقات کی، نشست میں پاک فوج کے زمانہ امن اور دیگر حوالوں سے امور پر بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے قومی سکیورٹی سمیت داخلی وبیرونی چیلنجز پر اظہار خیال کیا، سول اور ملٹری قیادت کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا، سید عاصم منیر نے خطے میں امن واستحکام کیلئے مسلح افواج کے متحرک کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے، سول بیوروکریسی کا ریاستی نظم ونسق میں کلیدی کردار ہے، انہوں نے افسران کو تلقین کی کہ قوم کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کے اعلیٰ معیار پر پورا اتریں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے آپریشنل علاقوں میں فارمیشنز کے ساتھ منسلک رہے، زیر تربیت افسروں نے تینوں افواج سے متعلق تجربہ حاصل کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق افسران نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے وژن اور پاک فوج کے کردار کو سراہا۔