مظفرآباد میں دیار غیر میں بسنے والے کشمیریوں کے اعزاز میں شاندار کنونشن کا انعقاد

مظفرآباد میں دیار غیر میں بسنے والے کشمیریوں کے اعزاز میں شاندار کنونشن کا انعقاد

کنونشن میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، اپوزیشن لیڈر اور حریت رہنماؤں سمیت دنیا بھر سے اوورسیز کشمیریوں نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اور کشمیری ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو ہر سال اربوں ڈالر بھیج کر قومی معیشت کو مضبوط بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی کاوشوں سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہو رہا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز کشمیری مستقبل کے معمار ہیں، اوورسیز کمیشن اور اوورسیز کمشنر کے قیام سے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور سرمایہ کاری کے ہر مرحلے پر انہیں مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔

کنونشن میں شریک اوورسیز کشمیریوں نے تقریب کے انعقاد پر حکومت آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کے مسائل پر توجہ دینے سے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور بیرون ملک مقیم کشمیری یہاں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے۔

آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ دیارِ غیر میں بسنے والے کشمیریوں کے اعزاز میں حکومتی سطح پر اتنی بڑی تقریب منعقد کی گئی جسے اپوزیشن جماعتوں نے بھی سراہا ہے۔