خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اجلاس میں امن و امان کی صورت حال یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
عبدالکریم نے ہمسایہ ملک کی طرف سے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر صوبے کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دے دیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ چینی باشندوں، سکھ یاتریوں سمیت غیر ملکی سیاحوں کی سکیورٹی بھی بڑھا دی جائے، مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، حساس مقامات و تنصیبات اور مارکیٹوں کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں، مذہبی مقامات، حساس تنصیبات پر تعینات اہلکار انتہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی کریں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ضلعی افسران، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور انٹیلی جنس اداروں کی مشاورت سے سکیورٹی اقدامات یقینی بنائیں۔
.jpg)
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی حالیہ کاروائیوں میں ڈرونز کے استعمال کے پیش نظر دفعہ 144 کی حکومتی پابندی پر عملدرآمد کروائیں۔
عبدالکریم نے کہا کہ سپروائزری افسران سکیورٹی تھریٹ کے پیش نظر چیکنگ پوائنٹس، اہم مقامات پر سکیورٹی اہلکاروں کو بریف کریں۔
آئی جی پنجاب سہولت بازاروں، مارکیٹوں میں خواتین کی حفاظت کیلئے تعینات لیڈی پولیس اہلکار چوکس رہیں، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات پر مشکوک گاڑیوں، رکشوں، لوڈرز وغیرہ پر کڑی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ، سرچ سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، دیگر شہروں سے آنے والے مسافروں، ہوٹلز میں رہائش پذیر مہمانوں کی چیکنگ اور شناخت یقینی بنائی جائے۔
.jpg)
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی ٹریفک، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ڈویلپمنٹ سمیت سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔