خلاصہ
- بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کا مطالبہ کر دیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ حالیہ کشیدگی کے بعد چین صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور دونوں ممالک سے رابطے میں ہے تاکہ تناؤ کو کم کیا جا سکے۔
ماؤ ننگ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت اور ثالثی کے عمل میں سہولت کاری کر رہا ہے، بیجنگ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری اور کشیدگی میں کمی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے اور دونوں ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، اختلافات کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے حل کریں اور جلد از جلد جنگ بندی کو یقینی بنائیں تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ اور پاکستان و افغانستان میں موجود چینی سفارت خانے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ملکوں میں موجود چینی شہریوں اور تنصیبات کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔