امریکی قونصل خانے میں فائرنگ سے 16 شہادتیں اندوہناک سانحہ ہے: حافظ نعیم

امریکی قونصل خانے میں فائرنگ سے 16 شہادتیں اندوہناک سانحہ ہے: حافظ نعیم

اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، رہبرِ معظم آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت امتِ مسلمہ کیلئے عظیم سانحہ ہے، امام خامنہ ای نے جھکنے کے بجائے مزاحمت کا راستہ اپنا کر جامِ شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی قونصل خانے میں فائرنگ سے 16 شہادتیں انتہائی اندوہناک سانحہ ہے، نہتے مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا، شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت پاکستان ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچائے، محض خاموشی سے کام نہیں چلے گا، پاکستانی سرزمین پر امریکی غنڈہ گردی ناقابلِ قبول ہے، ریمنڈ ڈیوس طرز کا ریلیف نہیں ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمران لپیٹ لپیٹ کر مذمت کے بجائے کھل کر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کی مذمت کریں، ایران کی جنگ صرف ایران کی نہیں، یہ پورے خطے اور پاکستان کے دفاع کی جنگ ہے، اگر ایران میں ’’رجیم چینج‘‘ کا خواب پورا ہوا تو اسرائیل پاکستان کی سرحدوں تک پہنچ جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی سطح پر ’وار کرمنل‘ قرار دیا جائے، وقت آ گیا ہے کہ امتِ مسلمہ شیعہ سنی فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر عالمی سامراج کے خلاف متحد ہو جائے، جماعت اسلامی اس دکھ کی گھڑی میں مظلوموں اور ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔