خلاصہ
- مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر آزاد جموں و کشمیر کے انتخاب کا شیڈول جاری نہ ہو سکا۔
الیکشن کمیشن نے سیکرٹری قانون ساز اسمبلی کو مکتوب تحریر کردیا، انتخاب سے متعلق بھیجے گئے خط میں مجاز اتھارٹی کی ہدایت شامل نہیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق آئین کے تحت صدر کے انتقال کے باعث عہدہ خالی ہونے کی صورت میں سپیکر اسمبلی 30 روز کے اندر انتخاب کرانے کے پابند ہوتے ہیں۔
مکتوب میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر 20 فروری 2026 کو حلف اٹھانے کے بعد ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں اور انتخابی قوانین کے تحت صدر آزاد کشمیر کے انتخاب کا انعقاد اور نگرانی الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ آئینی مدت کا تعین اس تاریخ سے وابستہ ہے جس روز عہدہ خالی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاہم صدر کے عہدہ خالی ہونے سے متعلق نوٹیفکیشن منسلک نہیں کیا گیا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مجاز اتھارٹی سے وضاحت فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاکہ انتخابی عمل آئین و قانون کے مطابق اور مکمل قانونی تحفظ کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔