حکومتی فضول خرچیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنا درست طرزِ حکمرانی نہیں:سہیل آفریدی

حکومتی فضول خرچیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنا درست طرزِ حکمرانی نہیں:سہیل آفریدی

پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں سہیل آفریدی کا فیول سپلائی صورتحال سے متعلق حکومتی موقف واضح کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران جنگ کے باعث فیول سپلائی لائنز متاثر ہونے کے خدشات پر وفاقی وزیر خزانہ و پٹرولیم کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ممکنہ سپلائی بحران اور قیمتوں پر اثرات کے حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت کو بریفنگ دی، خیبرپختونخوا حکومت ایسے اقدامات کی حمایت نہیں کرے گی جن سے براہ راست عوام متاثر ہوں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ حکومتیں خود فضول خرچیاں کریں اور پھر بحران کا بوجھ عوام پر ڈال دیں یہ طرز حکمرانی درست نہیں،ایران امریکہ اسرائیل تنازع کا بوجھ پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر ڈالنا مسئلے کا حل نہیں۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بحران کے وقت لگژری اخراجات کے بجائے یہی وسائل عوام کو سبسڈی دینے پر خرچ ہونے چاہئیں۔