مون سون کا سلسلہ جاری، مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں

مون سون کا سلسلہ جاری، مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادلوں کے ڈیرے برقرار ہیں، کچھ علاقوں میں رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا، شیخوپورہ، مریدکے، کاہنہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، لاہور میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی مون سون نے رنگ جما دیئے، بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

گجرات شہر اور گردونواح میں مون سون کی پہلی بارش سے ہر طرف جل تھل ایک ہوگیا، جیل چوک، کچہری چوک سمیت شہر کی سڑکیں گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں، کئی کئی فٹ پانی سڑکوں اور گلیوں میں کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گوجرانوالہ شہر اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، سیٹیلاٹ ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، پیپلز کالونی، حافظ آباد روڈ، چندہ قلعہ کے علاقوں میں بارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان میں بھی موسلا دھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے حبس کا خاتمہ ہوگیا جس کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

ادھر پشاور میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقے زیر آب آگئے، یونیورسٹی روڈ انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے بی آر ٹی بس سروس معطل ہوگئی،مرکزی راہداری پر سروس معطل ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

صوابی میں رات سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی جس سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔