خلاصہ
- مظفرآباد:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی طرح جو وعدہ کروں گی، اسے پورا کروں گی۔
مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ صرف وعدے کرنے نہیں بلکہ پنجاب کی دو سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھنے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یہاں صرف ووٹ مانگنے نہیں آئی بلکہ عوام کی خدمت کا عملی ریکارڈ لے کر آئی ہے، اگر آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو منتخب کیا تو خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب کے چپے چپے پر ترقی نظر آتی ہے، صوبے کی حدود ختم ہوتے ہی سڑکیں اور ترقی بھی ختم ہو جاتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں لاہور اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے اور پنجاب آج پورے ملک کے لیے ترقی کی مثال بن چکا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر کے لیے 10 گرین الیکٹرک بسیں تحفے کے طور پر لائی ہیں جب کہ 15 موبائل ہسپتال بھی عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کشمیری بچوں کو مفت تعلیم، معذور افراد کو ہمت کارڈ، غریب خواتین کو مفت راشن اور عوام کو دیگر فلاحی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں سات لاکھ مریضوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ "اپنی مریم نواز کو بتائیں" ایپ کے ذریعے عوام کے مسائل 24 گھنٹوں کے اندر حل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے دھی رانی پروگرام کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت ہزاروں مستحق بچیوں کی شادیاں کروائی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ جن کے اپنے صوبوں کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور جہاں وسائل کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں، وہ آزاد کشمیر کے مسائل کیسے حل کریں گے۔
مریم نواز نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ ڈالتے وقت سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں اور ترقی و خوشحالی کے لیے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں۔