خلاصہ
- مظفرآباد: (اسلم میر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں مظفرآباد میں اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس میں انتخابی حکمت عملی، قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے دورہ آزاد کشمیر اور انتخابی جلسوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، راجہ محمد فاروق حیدر خان، کیپٹن (ر) محمد صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی، بیرسٹر افتخار گیلانی سمیت پارٹی رہنماؤں، امیدواروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میاں محمد نواز شریف آزاد کشمیر کے دورے کے دوران مظفرآباد اور میرپور میں دو بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی دونوں جلسوں میں ان کے ہمراہ شریک ہوں گی۔
اجلاس میں انتخابی مہم مزید تیز کرنے، گھر گھر رابطہ مہم چلانے، کارکنوں کو متحرک کرنے اور جلسوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلائے گی، عوامی مسائل کا حل، خطے کی ترقی اور خوشحالی پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آزاد کشمیر میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے، جبکہ وزیراعظم پاکستان نے آزاد کشمیر میں دانش سکولز کے قیام کا اعلان بھی کیا ہے۔
امیر مقام نے بروقت، آزادانہ اور شفاف انتخابات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 27 جولائی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔