خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو’’سانجھی سبزی‘‘ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مظفر گڑھ میں منفرد منصوبہ شروع کیا گیا ہے، اربن سرکاری بلڈنگز اور دیہی اراضی پر عوام کے لئے موسمی سبزیاں کی کاشت کر کے ضرورت مند افراد کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
مظفر گڑھ میں 139 کنال کے 140 پلاٹس پر عوام کے لئے سبزیاں اگائی جا رہی ہیں۔
مظفر گڑھ میں کرسچن برادری کے گاؤں سے”سانجھی سبزی“ پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے، مظفرگڑھ میں لوگ رضاکارانہ طور پر بھی دوسروں کے لئے سبزیاں کاشت کرنے لگے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کے لئے "سانجھی سبزی " کو قابل تقلید قرار دیا اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو’’سانجھی سبزی‘‘ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ڈی سی مظفر گڑھ محمد عثمان طاہر جپہ نے ملاقات کی، انہوں نے ڈی سی مظفر گڑھ کے عوامی فلاحی اقدام کو سراہا اور ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ محمد عثمان طاہر جپہ کو چیف منسٹر میرٹ بیج اور ایک لاکھ روپے کیش انعام بھی دیا۔
ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو سانجھی سبزی پراجیکٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
دوران بریفنگ بتایا گیا کہ مظفر گڑھ کے دیہات میں ایک مرلے سے ایک کنال تک سرکاری اراضی کی نشاندہی کر کے سانجھی سبزی لگائی جا رہی ہے، مظفر گڑھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں سرکاری عمارتوں سے متصل خالی اراضی میں سبزی کاشت کی جا رہی ہے، ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ،فارسٹ، ایجوکیشن، اے سی دفاتر سے متصل 139 کنال اراضی پر سبزی اگائی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کو عوامی فلاحی اقدامات اور پراجیکٹ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔