بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 36 دہشتگرد جہنم واصل

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 36 دہشتگرد جہنم واصل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد آپریشنز کیے گئے جن میں بھارتی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ 4 ستمبر کو مستونگ میں کارروائی کے دوران 6 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات موقع پر ہی تباہ کر دیے گئے۔

اِسی طرح ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور کارروائی کے دوران 26 خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ سبی کے علاقے بھاگ میں سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب سال 2026 کے دوران بلوچستان میں آپریشنز میں 1188 سے زائد دہشتگرد اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انسداد دہشتگردی آپریشنز عزمِ استحکام وژن کے تحت آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔