احسن بھون کا کیپٹن (ر) محمد صفدر کیخلاف 5 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر

احسن بھون کا کیپٹن (ر) محمد صفدر کیخلاف 5 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر

ٹربیونل نے دعوے کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 11 نومبر 2026 کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

احسن بھون نے ڈیفمیشن ٹربیونل مین دائر کیے گئے اپنے دعوے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے ٹی وی انٹرویوز اور سوشل میڈیا پر ان کی قانون کی ڈگری اور وکالت کی اہلیت سے متعلق مبینہ طور پر ہتک آمیز بیانات دیئے۔

دعوے کے مطابق احسن بھون نے قانون کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی، جس کی متعلقہ اداروں سے تصدیق بھی ہوچکی ہے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ مبینہ بیانات سے ان کی کئی دہائیوں پر محیط قانونی خدمات اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچا۔

احسن بھون نے ٹربیونل سے استدعا کی ہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک ارب روپے عمومی ہرجانہ، دو ارب روپے خصوصی ہرجانہ اور دو ارب روپے تعزیری ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔

احسن بھون نے مزید استدعا کی ہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر کو مبینہ بیانات واپس لینے، غیر مشروط معافی مانگنے اور آئندہ ایسے بیانات دینے سے روکنے کا حکم بھی جاری کیا جائے۔