علاقائی
خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) شمالی چھاؤنی کے علاقے سے اغوا ہونے والا 3 سالہ بچہ موسیٰ راولپنڈی سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
شمالی چھاؤنی انویسٹی گیشن پولیس نے اغواء میں ملوث 3 خواتین کو گرفتار کر لیا، مرکزی ملزمہ سمیت اس کی دو ساتھی خواتین کو گرفتار کیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دو خواتین نے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے بچے موسیٰ کو اغوا کیا اور بعد ازاں اسے اپنی ایک ساتھی خاتون جو راولپنڈی کی رہائشی ہے، کے ہاتھوں فروخت کر دیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ نے بتایا کہ ملزمان نے بچے کو بھیک منگوانے کی غرض سے اغواء کیا تھا، بچے کو بحفاظت بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا گیا، جس پر انہوں نے انویسٹی گیشن پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
بچے کی بازیابی کے موقع پر والد جذبات سے مغلوب ہو گئے اور انہوں نے اپنے بیٹے کو گلے لگا کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا، ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔