خلاصہ
- کراچی:(دنیا نیوز) ندھ میں گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کے دوران 15 لاکھ سے زائد بوریاں تحویل میں لے لی گئیں۔
چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت گندم ذخائر اور آٹے کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 15 لاکھ 44 ہزار 194 گندم کی بوریاں تحویل میں لی گئیں جن کا وزن ایک لاکھ 54 ہزار 419 میٹرک ٹن سے زائد بنتا ہے۔
بریفنگ میں حکام کا کہنا تھا کہ کشمور میں سب سے زیادہ 5 لاکھ 12 ہزار 740، گھوٹکی میں 3 لاکھ 77 ہزار 108 اور لاڑکانہ میں ایک لاکھ 74 ہزار 155 گندم کی بوریاں ضبط کی گئیں۔
اسی طرح سکھر میں ایک لاکھ 59 ہزار 626، قمبر شہدادکوٹ میں 88 ہزار 985 اور خیرپور میں 67 ہزار 25 بوریاں تحویل میں لی گئیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کراچی غربی میں 40 ہزار، نوشہروفیروز میں 25 ہزار 837 اور دادو میں 19 ہزار 450 گندم کی بوریاں ضبط کی گئی ہیں۔
مزید برآں چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے باعث مارکیٹ میں گندم کی رسد بہتر ہوئی ہے جب کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔