علاقائی
خلاصہ
- گلگت:(دنیا نیوز) ضلع استور میں استور ویلی روڈ کی بحالی کے دوران اچانک لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایکسکیویٹر ملبے تلے دب گیا، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایکسکیویٹر آپریٹر کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک کی بحالی کا جاری کام عارضی طور پر متاثر ہوا ہے، جبکہ ملبے میں پھنسے ایکسکیویٹر کو نکالنے کے لیے ریسکیو اور بحالی کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ متاثرہ مقام کی دوسری جانب سے بھی سڑک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ آمدورفت جلد از جلد بحال کی جا سکے۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر استور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری اعلان تک استور ویلی روڈ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف ناگزیر صورت میں ہی سفر کریں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سڑک کی مکمل بحالی کے بعد عوام کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔