سعودی خلا باز اسپیس کا سفر کرنیوالی پہلی عرب خاتون بن گئیں

Published On 22 May,2023 08:22 am

فلوریڈا: (دنیا نیوز) سعودی عرب کی پہلی خاتون خلا باز ریانا برناوی انٹرنیشنل اسپیس سٹیشن (آئی ایس ایس) کا سفر کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئیں۔

ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا نجی مشن بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر روانہ ہوگیا، مشن فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی سپیس سینٹر سے روانہ ہوا، امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی Axiom Space کی جانب سعودی عرب کا مشن آئی ایس ایس کیلئے روانہ کیا گیا جو مجموعی طور پر 4 افراد پر مشتمل ہے۔

سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ریانا برناوی کے ساتھ علی القرنی، پیگی وٹسن اور جان شوفنر اس مشن کا حصہ ہیں۔

اس مشن کے ساتھ ریسرچر ریانا برناوی خلائی سفر کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئی ہیں، نجی خلائی مشن بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر ایک ہفتہ گزارے گا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس مشن کا مقصد انسانی خلائی پرواز میں سعودی عرب کی صلاحیتوں کو بڑھانا، انسانیت کی خدمت اور خلائی صنعت کی طرف سے پیش کردہ امید افزا مواقع سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ صحت اور خلائی ٹیکنالوجی جیسے کئی پہلوؤں میں سائنسی تحقیق میں تعاون کرنا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریانا برناوی اور علی القرنی کے علاوہ 2 اور خلابازوں مریم فردوس اور علی الغامدی کو بھی مستقبل کے خلائی مشن کیلئے سعودی اسپیس فلائٹ پروگرام کے تحت تربیت دی جا رہی ہے۔

 

Advertisement