خلاصہ
- سڈنی: (ویب ڈیسک) یہ قیمتی نگٹ نیو ساؤتھ ویلز کے شمال مغربی علاقے ٹیبوبرّا کے قریب واقع ماؤنٹ سٹیورٹ سٹیشن سے دریافت ہوا، نگٹ کا مجموعی وزن تقریباً 1.218 کلوگرام ہے، جبکہ اس میں لگ بھگ 940 گرام خالص سونا موجود ہے۔
رپورٹس کے مطابق سونے کی تلاش کے دوران مذکورہ شخص کو کئی روز تک زیادہ تر پرانی کیلیں، گھوڑوں کی نعلیں اور گولیوں کے خول سمیت دیگر بے کار دھاتی اشیا ملتی رہیں، تاہم ایک روز اس کے میٹل ڈیٹیکٹر نے زمین میں دبی کسی دھاتی چیز کی نشاندہی کی۔
ابتدا میں میٹل ڈیٹیکٹر کا سگنل زیادہ نمایاں نہیں تھا، لیکن کھدائی کے دوران اس کی شدت بڑھتی گئی۔ اسی دوران شہری کی نظر گڑھے میں موجود ایک چھوٹے سے چمکدار زرد نقطے پر پڑی۔ مزید مٹی ہٹانے پر معلوم ہوا کہ وہاں کوارٹز کے ذرات کے ساتھ سونے کا ایک بڑا اور غیر معمولی نگٹ موجود ہے۔
اس حیران کن دریافت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شہری نے کہا کہ اسے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اس نگٹ کو ٹیبوبرّا سپاڈ کا نام دیا گیا ہے، اس دریافت نے ایک بار پھر آسٹریلیا کے سونے سے مالا مال علاقوں میں قدرتی سونے کے ذخائر اور میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے ہونے والی تلاش کو توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔