چین: موٹر سائیکل کو پانی کی سطح پر دوڑانے کا عالمی ریکارڈ قائم

چین: موٹر سائیکل کو پانی کی سطح پر دوڑانے کا عالمی ریکارڈ قائم

چینی موٹر سائیکل ساز کمپنی زیڈ ایکس موٹو کے بانی ژانگ شوئے نے 25 اکتوبر 2026 کو صوبہ ہونان میں دریائے چن کی سطح پر اپنی منفرد موٹر سائیکل چلائی اور مجموعی طور پر 25.3 میل کا فاصلہ طے کیا، جو تقریباً 40.7 کلومیٹر بنتا ہے۔

اس کارنامے کے ذریعے انہوں نے کھلے پانی میں تبدیل شدہ موٹر سائیکل کو سب سے زیادہ فاصلے تک چلانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

اس منفرد کارنامے کے لیے ژانگ شوئے نے ایس ایم ایکس 450 موٹر سائیکل میں خصوصی تبدیلیاں کیں، جن کی بدولت اسے پانی کی سطح پر چلانا ممکن ہوا، موٹر سائیکل میں ایلومینیم کا ایک خصوصی تختہ نصب کیا گیا تھا، جو سکیئنگ بورڈ کی طرح حرکت کے دوران پانی پر اٹھاؤ پیدا کرتا اور موٹر سائیکل کو سطح آب پر برقرار رکھنے میں مدد دیتا تھا۔

موٹر سائیکل کا پچھلا ٹائر پانی کو پیچھے کی جانب دھکیل کر اسے آگے بڑھنے کے لیے درکار قوت فراہم کرتا تھا، جبکہ رفتار کو برقرار رکھنے اور طویل فاصلے تک مسلسل سفر ممکن بنانے کے لیے انجن، ایندھن کے ٹینک اور ہوا کے نظام سمیت دیگر اہم حصوں میں بھی تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

عام موٹر سائیکل کے لیے پانی کی سطح پر چلنا ممکن نہیں، تاہم خصوصی ڈیزائن اور تکنیکی تبدیلیوں کی مدد سے ژانگ شوئے نے اس تصور کو حقیقت میں بدل دیا اور ایک غیر معمولی عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔