لاہور میں شہری کے نام پر 2354 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا حیران کن انکشاف

لاہور میں شہری کے نام پر 2354 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا حیران کن انکشاف

ہال روڈ پر جنرل ہولڈ اپ کے دوران نمبر پلیٹ سے چھیڑ چھاڑ پر موٹرسائیکل سوار کو روکا گیا تو ملکیت کی جانچ پڑتال نے ٹریفک اہلکاروں کو بھی حیران کر دیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق محمد عثمان نامی شہری کے نام پر 2 ہزار 354 موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں رجسٹرڈ پائی گئیں، مذکورہ شہری کے نام پر رجسٹرڈ گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 813 ای چالان جاری ہو چکے ہیں۔

محمد عثمان کے ذمے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی مد میں 28 لاکھ 66 ہزار 900 روپے واجب الادا ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں بند کر دی جبکہ اصل مالک کی تلاش کے لیے سیف سٹی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔