انقرہ : ( ویب ڈیسک ) ترکیہ کی سکیورٹی فورسز نے شام کے شمالی علاقوں میں آپریشن کے دوران علیحدگی پسند دہشتگرد تنظیم ’’ پی کے کے ‘‘ کے مزید دو دہشتگردوں ہلاک کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ میں اندرون ملک اور سرحد پار انسداد دہشت گردی پروگرام کے تحت علیحدگی پسند تنظیم پی کے کے کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ترکیہ وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کا انجام طے ہے اور دہشت گرد اس انجام سے بچ نہیں سکیں گے، شام کے شمال میں آپریشن چشمہ امن کے علاقے پر حملے کے لئے تیار دہشتگرد تنظیم کے 2 مزید دہشت گردوں کو غیر فعال کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ضلع شرناک میں جاری آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں 2 غاروں اور 10 پناہ گاہوں کو تباہ کر دیا گیا جبکہ 2 ریموٹ کنٹرول اور تین دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کو بھی برآمد کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق تنظیم سے مفرور مزید 2 دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کو گرفتاری بھی پیش کر دی ہے۔