اوٹاوا: (ویب ڈیسک ) کینیڈا میں بڑے پیمانے پر جنگلات میں لگی آگ سے متاثر شمال مغربی علاقوں سے تقریباً 22 ہزار افراد بےگھر ہوگئے ہیں ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا میں 1100 مقامات پر جنگلات میں آگ لگی ہے، کیلووانا اور برٹش کولمبیا میں جنگلات کی آگ تیزی سے پھیلنے لگی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آگ سے 13.2ہیکٹر رقبہ جل کر خاکستر ہو چکا ہے، کینیڈا کے شمال مغربی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کی جاچکی ہے اور آگ سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا کیلئے امدادی کارروائیوں میں فوج بھی حصہ لے رہی ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ دہائی کی بدترین آگ قرار دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا کے جنوبی اور شمالی حصے میں جولائی میں سب سے زیادہ گرم درجہ حرارت تھا، جو 37 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔