خلاصہ
- ماسکو(شاہد گھمن) روس نے ایران جنگ سے مشرق وسطیٰ میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ تیز ہونے سے خبردار کر دیا۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ ایران کے خلاف شروع کی گئی یہ جنگ خطے میں خطرناک رجحانات کو جنم دے سکتی ہے۔ ان کے بقول ایران کے ہمسایہ عرب ممالک میں بھی ایسے جذبات تیزی سے پیدا ہو سکتے ہیں کہ وہ اپنی سلامتی کے لیے جوہری صلاحیت حاصل کریں۔
روسی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے نام پر جنگ شروع کرنا بظاہر ایک نیک مقصد دکھائی دیتا ہے، لیکن عملی طور پر یہ اس کے بالکل برعکس نتائج پیدا کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا، جس میں تہران سمیت اہم شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کو ایران کے مبینہ میزائل اور جوہری خطرات کے تناظر میں جائز قرار دیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس نے جوابی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل اور خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی۔