خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کے سپریم لیڈر منتخب ہونے کے بعد ایران کے مختلف شہروں میں جشن شروع ہوگیا۔
مجتبیٰ خامنہ ای کے سپریم لیڈر بننے کے بعد ایران بھر میں جشن کا سماں ہے، تہران سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عوام قومی پرچم اور مجتبیٰ خامنہ ای کی تصاویر اٹھا کر سڑکوں پر نکل آئے، عوام کی طرف سے نئے سپریم لیڈر کی تصاویر پر گل پاشی کی گئی۔
ادھر پاسداران انقلاب نے نئے لیڈر سے وفاداری کا عہد لیا اور کہا مجتبیٰ خامنہ ای کے حکم پر عمل کرنے کیلئے تیار ہیں، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا کہ نئے سپریم لیڈر موجودہ حساس حالات میں ملک کی قیادت کر سکتے ہیں ، انہوں نے دھمکیوں کے باوجود خامنہ ای کے جانشین کے انتخاب پر مجلس رہبری کا شکریہ ادا کیا۔
ایران کی حکومت کے اعلیٰ عہدے داروں نے کھل کر مجتبیٰ خامنہ ای کی حمایت کا اعلان کیا اور ایرانی عوام سے بھی یہی کرنے کی اپیل کی ہے، ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے مجلس خبرگان کے فیصلے کو بالکل درست قرار دیتے ہوئے کہا قیادت کی پیروی کرنا ایرانی عوام کا قطعی مذہبی اور قومی فرض ہے۔
سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے نئے رہنما کے گرد اتحاد قائم کرنے کا عندیہ دیا اور مجلس خبرگان کے واضح فیصلے کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا، علی لاریجانی نے کہا دشمنوں کا خیال تھا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ملک بند گلی میں پھنس جائے گا لیکن بالآخر مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا رہبر اعلیٰ منتخب کر لیا گیا ہے۔