خلاصہ
- بیجنگ: (دنیا نیوز) انسانی سمگلنگ کے خلاف 59 ممالک میں عالمی کریک ڈاؤن کے دوران ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
انٹرپول کی زیر نگرانی آپریشن گلوبل چین میں اہلکاروں نے جنسی استحصال، جبری مشقت، مجرمانہ سرگرمیوں اور زبردستی بھیک منگوانے کے لئے انسانی سمگلنگ کو ہدف بنایا۔
کارروائی کے دوران کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ کی سکیموں میں شامل کرنے کے لئے سمگل کرنے والے نیٹ ورک اور یورپ میں سوشل میڈیا کے ذریعے بھرتی کی جانے والی کم عمر لڑکیوں کو جسم فروشی کے کاروبار پر مجبور کرنے والے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا گیا۔
مجموعی طور پر 2 ہزار 70 متاثرین کی نشاندہی کی گئی جن میں سے اکثریت خواتین کی تھی، گرفتار ہونے والوں میں 334 افراد کو انسانی سمگلنگ اور 690 کو اس سے منسلک جرائم کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
انٹرپول نے یورپی یونین کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کی ایجنسی یورو پول اور یورپی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس کے ساتھ مل کر یہ کارروائی انجام دی۔
انٹرپول نے کہا ہے کہ آپریشن کے نتائج سے انسانی سمگلنگ کے بدلتے ہوئے راستوں اور طریقہ کار کا پتہ چلا ہے۔