ناروے سے شکست کے بعد برازیلین فٹبالر نیمار جونیئر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

ناروے سے شکست کے بعد برازیلین فٹبالر نیمار جونیئر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں ناروے نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ برازیل کا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈ نے سکور کئے، انہوں نے پہلا گول 79 ویں اور دوسرا 90 ویں منٹ میں کیا، جبکہ برازیل کی جانب سے واحد گول نیمار جونیئر نے میچ کے اختتامی لمحات میں پنالٹی کک پر سکور کیا۔

شکست کے بعد ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر نیمار جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی آبدیدہ ہوگئے، بعد ازاں انہوں نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیلین صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے کہا کہ میں نے پوری کوشش کی، یہ سب یہیں اسی سٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور میں نے یہیں اس کا اختتام کیا، اب یہ سب ختم ہو چکا ہے۔

نیمار کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی جانب سے انہیں شاندار بین الاقوامی کیریئر پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔