برازیل کو 1-2 سے شکست، ناروے پہلی بار فیفا کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

برازیل کو 1-2 سے شکست، ناروے پہلی بار فیفا کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

میٹ لائف سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم برازیل کو پنالٹی کی صورت میں سنہری موقع ملا جسے ناروے کے گول کیپر اوریان نیلینڈ نے شاندار انداز میں ناکام بنا دیا۔

دوسرے ہاف میں ناروے نے دفاعی نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے جوابی حملوں پر انحصار کیا، جس کا ثمر اسے میچ کے آخری لمحات میں ملا، جب سٹار سٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ نے 79ویں اور 89ویں منٹ میں 2 شاندار گول سکور کرکے برازیل کے دفاع کو تہس نہس کر دیا اور اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلائی۔

برازیل کی ٹیم نے اختتامی لمحات میں ایک گول کرکے مقابلہ دلچسپ بنانے کی کوشش کی، تاہم وہ شکست سے نہ بچ سکی اور 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی، جبکہ ناروے نے تاریخی کامیابی کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کر لی۔

اس فتح کے ساتھ ناروے نے نہ صرف ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی بلکہ کوارٹر فائنل میں رسائی کے ذریعے عالمی فٹبال میں اپنی بڑھتی ہوئی طاقت کا بھی بھرپور اظہار کیا، جبکہ برازیل کی قبل از وقت رخصتی کو ٹورنامنٹ کا ایک بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔