یوکرین میں ریلوے اسٹیشن پر روسی ڈرون حملہ، 13 افراد ہلاک، 10 زخمی

یوکرین میں ریلوے اسٹیشن پر روسی ڈرون حملہ، 13 افراد ہلاک، 10 زخمی

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی ڈرون نے ریلوے اسٹیشن کے اس پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا جہاں زاپوریزیا جانے والی مسافر ٹرین کھڑی تھی۔ یوکرینی ریلوے حکام کے مطابق حملے میں جیٹ انجن سے چلنے والا ڈرون استعمال کیا گیا۔

حملے سے قبل خطرے کی سطح میں اضافے کا انتباہ جاری کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود پلیٹ فارم پر مسافر موجود تھے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے حملے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے امریکا، یورپی ممالک اور صنعتی ممالک کے گروپ جی سیون سے روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔

زیلنسکی نے روسی توانائی کے شعبے اور بعض روسی ارب پتیوں پر پابندیوں میں نرمی پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی حملوں میں اضافے کے پیش نظر ماسکو اور اس کی جنگی مشینری پر دباؤ بڑھانا ضروری ہے۔

ڈنیپرو کے میئر بوریس فلاتوف نے بھی واقعے کو شہر کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا۔

یوکرینی ریلوے حکام کے مطابق رواں سال روسی حملوں میں ریلوے اسٹیشنوں، انجنوں اور مسافر ڈبوں سمیت ایک ہزار 700 سے زائد ریلوے تنصیبات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔