خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرین میں جاری فوجی کارروائیوں میں 1175 یوکرینی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے، جبکہ روسی فضائی دفاعی نظام نے 391 یوکرینی ڈرون مار گرائے۔
روسی وزارت دفاع کی یکم نومبر کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق روسی فوج کے شمالی گروپ نے یوکرین کے 190 تک، مغربی گروپ نے تقریباً 200، جنوبی گروپ نے 210 سے زائد، مرکزی گروپ نے 350 تک، مشرقی گروپ نے تقریباً 205 جبکہ دنیپر گروپ نے تقریباً 20 یوکرینی فوجیوں کو ہلاک یا زخمی کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روسی مسلح افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرینی فوج کے زیر استعمال توانائی اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔
اس کے علاوہ ڈرون تیار کرنے والی ورکشاپس، ڈرون ذخیرہ کرنے اور لانچ کرنے کے مقامات، گولہ بارود کے گوداموں اور یوکرینی فوجیوں سمیت غیر ملکی جنگجوؤں کی عارضی تعیناتی کے مراکز پر بھی حملے کیے گئے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرین کے 391 فکسڈ ونگ ڈرون مار گرائے۔
واضح رہے کہ ہلاکتوں، زخمیوں اور تباہ کیے گئے ڈرونز سے متعلق یہ اعداد و شمار روسی وزارت دفاع کے دعووں پر مبنی ہیں، جن کی آزادانہ تصدیق فراہم نہیں کی گئی۔