ایف بی آر کا ایکشن، دبئی میں پاکستانیوں کی جانب سے سرمایہ کاری میں کمی

Last Updated On 17 October,2018 05:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) دبئی کے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکس چوری کا پیسہ لگانے والوں کے خلاف ایف بی آر کا ایکشن کام کرگیا، 9 ماہ میں سرمایہ کاری 60 کروڑ ڈالر تک محدود ہوگئی۔

دبئی میں ٹیکس چوری کے اربوں روپے لگانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ ہوگیا، ایف بی آر نے دھڑا دھڑ نوٹسز جاری کرنا شروع کردیا۔ ایک سال میں دبئی کے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں پاکستانیوں کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری آدھی رہ گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق 9 ماہ میں پاکستانیوں نے دبئی میں 60 کروڑ ڈالر کی پراپرٹی خریدی جبکہ گزشتہ برس کے انہیں 9 ماہ میں پاکستانیوں نے دبئی ریئل اسٹیٹ میں 1 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی تھی۔

جنوری 2016 سے جون 2017 تک پاکستانی دبئی میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھے۔ اس عرصے میں پاکستانیوں نے دبئی کے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں 2 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی تھی۔ واضح رہے کہ ایف بی آر دبئی میں سرمایہ کاری کرنے والے 900 افراد کو نوٹسز جاری کرچکا ہے۔