پی ٹی آئی حکومت نے 2 ماہ کے دوران 76 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا

Last Updated On 29 November,2018 11:36 am

کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی حکومت نے دو ماہ کے دوران 76 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا، ان قرضوں میں سعودیہ عرب سے وصول ہونے والے 1 ارب ڈالر شامل نہیں۔

گذشتہ حکومت اور حاضر حکومت نے عوام سے کشکول توڑنے کے وعدے تو بہت کیے لیکن حقیقت تو بلکل برعکس نظر آرہی ہے، گذشتہ حکومت نے اپنے پانچ سالا دور میں 35 ارب ڈالر کے قرضے لئے جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے صرف دو ماہ میں ہی 76 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس عرصے میں چین سے 23 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں سے 33 کروڑ ڈالر، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 7 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا۔

دوسری جانب رواں مالی سال جولائی سے اکتوبر کے دوران 1 ارب 58 کروڑ ڈالر کا قرض لیا گیا، بات یہیں ختم نہیں ہوجاتی ان تمام قرضوں میں ابھی سعودیہ عرب سے وصول ہونے والا 1 ارب ڈالر شامل نہیں ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اپنی کئی تقاریر میں یہ کہہ چکے ہیں کہ رواں مالی سال خسارے کو پورا کرنے کے لئے حکومت کو کم ازکم 12 ارب ڈالر کی ضرورت پڑے گی۔