پاکستانی مصنوعات کی برآمد کیلئے چین کا دروازہ کھل گیا، عبدالرازق داؤد

Last Updated On 24 April,2019 03:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کی برآمد کے لیے چین کا دروازہ کھل گیا ہے۔ چین نے پہلی مرتبہ پاکستان کو آسیان ممالک کے برابر کا درجہ دے دیا ہے۔ پاکستان چین کو 350 ہزار ٹن کاٹن یارن برآمد کرے گا۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو برائے تجارت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو انڈونیشا کے ساتھ بہتر مارکیٹ رسائی مل گئی ہے تاہم ترکی کے ساتھ تجارتی مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پاک چین آزادنہ تجارتی معاہدہ دوئم پر 28 اپریل کو دستخط ہوں گے جس کے بعد انجینئرنگ، کیمیکل مصنوعات سمیت 313 پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگی۔

عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ چین کی طرف سے ایک ارب ڈالر کا مراعاتی پیکج کے تحت چین کو سات سو ملین ڈالر کے چاول، چینی اور کاٹن یارن ڈیوٹی فری برآمد کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے چین کو ڈیڑھ سو میڑک ٹن چینی برآمد کر دی ہے اور دو لاکھ ٹن چاول کی برآمد جون میں مکمل ہو جائے گی۔ کاٹن یارن کو بڑی مقدار میں برآمد کرنے کا مقصد ملک میں فوری ڈالر لانا ہے۔

مشیر تجارت نے کہا کہ اپٹما بہت زیادہ پاورفل باڈی ہے۔ ان کی سبسڈی بحال کرنے کی درخواست نہیں مانی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کی حکومت کی طرف سے کپاس کی برآمدی سبسڈی ختم کرنا بہترین اقدام تھا۔

اس موقع پر سینٹر نعمان وزیر نے کہا کہ باڑہ مارکیٹیں ملک کے اندر سمگل شدہ مصنوعات کا ایک اور ملک ہے، ایف بی آر اس حوالے سے ایکشن لے۔
 

Advertisement